بنگلورو 2 مارچ (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ ایچ ایم ریونا نے کہا کہ شہر میں بہت جلد 40 الیکٹرک بنگلورو میٹرو پالیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (بی ایم ٹی سی ) بسیں سڑکوں پر دوڑیں گی۔ مہادیوپورہ کے منڈور میں نئے بی ایم ٹی سی ڈپو اور نئی بسوں کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ شہر میں 72 لاکھ گاڑیاں ہیں جن میں 52 لاکھ خاص گاڑیاں ہیں جس کی وجہ سے شہر میں ساؤنڈ پلیوشن کافی زیادہ بڑھنے لگا ہے اس لئے انہوں نے خاص گاڑیاں رکھنے والے مالکان سے گزارش کی کہ وہ شہر میں ماحولیات کو برقرار رکھنے کے مقصد سے زیادہ سے زیادہ بی ایم ٹی سی بسوں کا استعمال کریں ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ بی ایم ٹی سی بسوں میں خواتین کی بیٹھنے والی سیٹوں کو گلابی (پنک) سیٹوں میں تبدیل کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی کی روک تھام کیلئے بی ایم ٹی سی بسوں میں خفیہ کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کی مجموعی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے خصوصی توجہ مبذول کی ہے ۔ نما میٹرو سرویس شروع ہونے کے بعد بی ایم ٹی سی کے استعمال میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ فیڈرل بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ میٹرو اسٹیشنوں سے آنے والے مسافروں کوان کے مقام پر پہنچنے میں مزید آسانی ہوسکے ۔بی ایم ٹی سی کے چیرمین ایم ناگراج کے خطاب کے دوران تعلقہ پنچایت کی نائب صدر بھاگیما ستیش کا خیرمقدم نہ کرنے پر ان کے حامیوں کو گڑبڑ مچاتے ہوئے دیکھا گیا ۔ پولیس کی مداخلت کے بعد معاملہ کو رفع دفع کیا گیا ۔ اس دوران وزیر ٹرانسپورٹ ایچ ایم ریونا نے کہا کہ خیرمقدم کے موقع پر جو بھول ہوئی تھی اس کے لئے وہ معذرت خواہ ہیں انہوں نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر سیاست ہرگز نہیں کرنی چاہئے ۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ نے 4 نئی بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی ۔تقریب میں مہادیوپورہ کے رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر اروند لمباولی، رکن کونسل رضوان ارشد، نارائن سوامی، کے پی سی سی جنرل سکریٹری اے سی سرینواس، ضلع پنچایت صدر کیمپاراجو، گرام پنچایت صدر جناردھن گوڈا، تعلقہ پنچایت صدر بھاگیما ستیش کے علاوہ بی ایم ٹی سی کے اعلیٰ افسران شریک رہے ۔